بیوی کے قاتل شوہر کو عمر قید کی سزاء

حیدرآباد /5 جولائی ( سیاست نیوز ) ملکاجگیری کی ایک مقامی عدالت نے بیوی کے قاتل شوہر کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 29 سالہ سریکانت ساکن کاکتیہ نگر نریڈمیٹ کے خلاف سال 2015 میں مزید جہیز کیلئے ہراسانی اور قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ نریڈ میٹ پولیس نے اس وقت 25 سالہ خاتون ورا لکشمی کے قتل کے الزام میں ملزم سریکانت جو مقتولہ کا شوہر بتایاگیا ہے کو گرفتار کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا تھا اور الزامات ثابت ہونے پر معزز عدالت نے ملزم سریکانت پر ثابت ہوئے جرم پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے اس شخص کو بیوی کے قتل کے خلاف سزائے عمر قید اور ایک ہزار روپئے جرمانہ عائد کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا ہے ۔

 

بدنام زمانہ عادی سارق گرفتار
نقد رقم ضبط
حیدرآباد /5 جولائی ( سیاست نیوز ) سنٹرل کرائم اسٹیشن ایل بی نگر پولیس اور میرپیٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی میں بدنام زمانہ عادی سارق 21 سالہ امر راج کمار ریڈی ساکن پریم نگر رامنتاپور کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 3 لاکھ 50 ہزار روپئے مالیتی نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق امر راج کمار ریڈی کم عمر ہی سے سرقہ کرنے کا عادی بن گیا تھا ۔ سال 2011 سے اپنی مجرمانہ زندگی کا آغاز کرنے والا راج کمار ریڈی سال 2014 میں میرپیٹ اور حیات نگر پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تھا اور اس کو جونیائل ہوم منتقل کیا گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق سال 2016 میں ونستھلی پورم پولیس کی کاروائی کے دوران یہ کم عمر سارق دوبارہ گرفتار کرلیا گیا جو سزا کاٹنے کے بعد مئی 2017 میں جیل سے رہا ہوا اور اس نے اس کے بعد چوریوں کی مسلسل وارداتیں انجام دی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس نے تقریباً 40 وارداتیں انجام دی جس میں گھروں میں سرقہ و رہزنی آٹو موبائل کا سرقہ بھی شامل ہیں ۔ یہ عادی سارق دروازے توڑ کر مکانات میں داخل ہوتا تھا ۔