بیوی کے حملہ میں شوہر ہلاک

حیدرآباد /10 نومبر ( سیاست نیوز ) بیوی کی خواہش پر مکان فروخت نہ کرنا ایک شخص کی موت کا سبب بن گیا ۔ بیوی نے اپنے مائیکے والوں کے ہمراہ شوہر کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا ۔ یہ افسوسناک واقعہ ونستھلی پورم پولیس حدود میں پیش آیا ۔ جہاں 33 سالہ کے شراون کمار اپنے بیوی پوانی عرف سماسری کے مبینہ حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ اس کی شادی 8 سال قبل ہوئی تھی متوفی ایک پالی ٹیکنک کالج میں اپنی خدمات انجام دے رہا تھا ۔ اس نے قرض پر مکان تعمیر کروایا تھا اور بینک سے لون حاصل کیا تھا ۔ گذشتہ چند دنوں سے کمار اور اس کی بیوی پوانی میں گھریلو جھگڑے چل رہے تھے جو تنازعہ کی شکل اختیار کرگئے تھے ۔ کمار کی بیوی اور اس کے سسرالی رشتہ دار مکان فروخت کرنے کی خواہش کر رہے تھے ۔ چونکہ انہیں رقم کی ضرورت تھی پولیس نے یہ بات بتائی ۔ پوانی کا ایک رشتہ دار جوکہ کمار کے قتل کیس میں مبینہ طور پر ملوث بتایا گیا ہے ۔ قاضی پیٹ ضلع ورنگل میں ٹریفک پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل ہے ۔ بیوی کی خواہش مکان فروخت کرنا اور شوہر اس کے خلاف تھا ۔ اس دوران سات ماہ قبل پوانی نے شوہر کی بغیر اجازت مکان کے کاغذات بطور ضمانت رکھتے ہوئے دیڑھ لاکھ روپئے کا قرض حاصل کرلیا ۔ جب کمار کو اس بات کا علم ہوا تو اس نے اپنی بیوی پر برہمی ظاہر کی اور مکان کے کاغذات واپس لانے پر زور دیا ۔ اس معاملہ پر کل رات دونوں میں جھگڑا ہوا اور پوانی نے اپنے شوہر کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا ۔ پولیس ونستھلی پورم مصروف تحقیقات ہے۔