بیوی کی ناراضگی دور کرنے داشتہ کا قتل

حیدرآباد۔/3مارچ، ( سیاست نیوز) بیوی کی ناراضگی کو دور کرنے ایک شخص نے اپنی داشتہ کا قتل کردیا۔ یہ واقعہ سائبر آباد کے علاقہ پہاڑی شریف پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 28سالہ جیوتی کا اس کے آشنا ستیہ نارائنا عرف سندریا نے قتل کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جیوتی توکو گوڑہ علاقہ میں رہتی تھی اس کی شادی دس سال قبل ویرایا نامی شخص سے ہوئی تھی تاہم کچھ عرصہ قبل جیوتی نے اپنے شوہر سے علحدگی اختیار کر لی تھی اور ستیہ نارائنا سے اس کے ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے۔ ستیہ نارائنا توکو گوڑہ علاقہ میں جیوتی کے ساتھ رہتا تھا اور یہ بات اس کی بیوی کو معلوم نہیں تھی۔ گزشتہ دنوں قاتل شخص کی بیوی کو اس کے شوہر کی داشتہ کے تعلق سے پتہ چل گیا اور ان دونوں کے درمیان جھگڑے شروع ہوگئے۔ آئے دن بیوی سے جھگڑوں سے تنگ آکر ستیہ نارائنا نے اپنی داشتہ کے قتل کا منصوبہ بنایا اور سازش رچی اور 26فبروری کو اس نے داشتہ کے جسم پر کیروسین ڈال کر اسے آگ لگادی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ پہاڑی شریف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔