لندن، 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ میں بیوی کو کندھے پر اٹھا کر دوڑ لگانے کی چمپئن شپ منعقد ہوئی جس میں امریکی جوڑا فاتح قرار پایا۔ شوہر کو بیوی کے نخرے اٹھا کر کچھ ملے نہ ملے، لیکن بیوی کو کندھے پر اٹھا کر بھاگے، تو چمپئن بننے کا موقع ضرور مل سکتا ہے۔ یہ ریس ہر سال جنوبی انگلینڈ میں ہوتی ہے جہاں شوہر اپنی بیوی کو کندھوں پر اٹھا کر دوڑتا ہے۔ 380 میٹر کے فاصلے میں رکاوٹیں بھی ہیں، دل جلے بھی، جو جوڑوں پر پانی پھینکتے ہیں۔ اس سال امریکی جوڑا فاتح قرار پایا ہے۔ یہ ہونہار شوہر صرف 2 منٹ 3 سکنڈ میں ہر رکاوٹ پار کرتا ہوا اپنی اہلیہ کو لے کر ’’فنش لائن‘‘ تک جا پہنچا۔ اتنی سی محنت کے بدلے چمپئن شپ اور بیوی کا ایکسٹرا پیار مل جائے تو سودا بُرا نہیں!