حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) بیوی کو بچانے کی کوشش میں جھلس جانے والا شوہر فوت ہوگیا۔ یہ واقعہ جواہر نگر پولیس حدود میں پیش آیا۔ جہاں 38 سالہ ہری فوت ہوگیا جبکہ اس کی بیوی پدما شدید جھلسی ہوئی حالت میں زیرعلاج بتائی گئی ہے۔ کل پدما نے شوہر کی حرکتوں سے تنگ آکر اپنے جسم پر کیروسین ڈال لیا تھا جسے دیکھ کر مبینہ طور پر اس کے شوہر ہری نے بھی اپنے جسم پر کیروسین ڈال لیا تاکہ بیوی کو ڈرا سکے تاہم پدما نے اپنے آپ کو آگ لگالی اور بیوی کو بچانے کی کوش کی جس کے سبب دونوں شدید جھلس گئے جہاں علاج کے دوران ہری کل رات فوت ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہری اور پدما کی شادی 15 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ ہری اپنی بیوی بچوں کے ساتھ جواہر نگر علاقہ میں رہتا تھا جو پیشہ سے کارپینٹر بتایا گیا ہے۔ ہری گزشتہ کئی دنوں سے کام پر نہیں جارہا تھا اور بے کار وقت گذاری کررہا تھا۔ بے کاری میں اس نے شراب نوشی بھی شروع کردی تھی اس حرکت پر بیوی ناراض تھی۔ آئے دن شراب نوشی کے مسئلہ پر دونوں میاں بیوی جھگڑا کرتے تھے۔ 2 اکٹوبر کو بھی دونوں میں جھگڑا ہوگیا اور ہری نے اپنی بیوی پدما کے ساتھ مار پیٹ کی جس کے بعد اس خاتون نے خودسوزی کرلی۔ پولیس جواہر نگر مصروف تحقیقات ہے۔