حیدرآباد۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) دبیرپورہ پولیس نے بیوی کے سنسنی خیز قتل کیس میں ملوث این آر آئی شوہر کو دبئی سے واپس بھیج دیئے جانے پر اسے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا۔ اکبر علی خان عرف حیدر نے 20 مئی کو اپنی بیوی زیبا ناز کا اپنے ہی مکان واقع دبیرپورہ میں قتل کرکے نعش کو بیاگ میں پیاک کرکے دبیرپورہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پھینک کر دبئی فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اکبر علی خان کی ماں اور اس کے بھائیوں کو 25 مئی کو گرفتار کیا تھا۔ انسپکٹر دبیرپورہ ڈی وینکنا نائیک نے بیوی کے قتل کیس میں ملزم این آر آئی شوہر کے پاسپورٹ کو منسوخ کرنے کیلئے ریجنل پاسپورٹ آفس واقع سکندرآباد سے درخواست کی تھی جس پر پاسپورٹ حکام نے اکبر علی خان کا پاسپورٹ منسوخ کرتے ہوئے دبئی میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ کو مطلع کیا جس پر دبئی کے حکام نے اسے حراست میں لے کر ہندوستان واپس بھیج دیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکبر علی خاں کی شادی زیبا ناز سے 2010ء میں ہوئی تھی اور دونوں کے ازدواجی تعلقات کشیدہ ہونے کے نتیجہ میں زیبا ناز اپنی ماں سکینہ کے مکان واقع کنگ کوٹھی میں رہنے لگی۔ انہوں نے کہا کہ قتل سے ایک دن قبل این آر آئی شوہر نے اپنی بیوی کو مفاہمت کے بہانے اسے اپنے مکان طلب کیا اور پھر اس کا قتل کرکے نعش کو بیاگ میں پیاک کرکے پھینک دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ زیبا ناز کے قتل میں ملوث اس کی ساس محبوب النسائ، دیور قیصر علی خاں اور عمران علی خاں کو گرفتار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اکبر علی خاں کو آج عدالتی تحویل میں دے دیا گیا اور اسے پولیس عنقریب اپنی تحویل میں لے کر مزید تفتیش کرے گی۔