حیدرآباد /30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) کالا پتھر پولیس نے بیوی کو قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد علی عرف اعظم نے کل رات اپنی بیوی 28 سالہ شبانہ بیگم کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا ۔ اعظم کی عمر 24 سال بتائی گئی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اعظم سے شبانہ کی دوسری شادی تھی ۔ پہلے شوہر سے طلاق کے بعد اس خاتون نے اعظم سے شادی کرلی تھی ۔ اعظم چائنا بازار میں کام کرتا ہے اور مقتولہ شبانہ بیوٹیشن تھی ۔ کل رات اس نے اپنی بیوی کا بے رحمی سے قتل کردیا تھا اور باوثوق ذرائع کے مطابق وہ گلا گھونٹنے کے ایک گھنٹے تک شبانہ کی نعش کے پاس بیٹھا رہا اور جب اسے اس بات کا یقین ہوگیا کہ شبانہ فوت ہوگئی ہے وہ مکان سے فرار ہوگیا اور سیدھے قبرستان پہونچا اور اپنی بیوی کو دفن کرنے کی جگہ کا بھی مشاہدہ کیا ۔ جس کے بعد محمد علی عرف اعظم نے کالاپتھر پولیس اسٹیشن پہونچکر ایک اے ایس آئی سے انسپکٹر کے تعلق سے دریافت کیا تاہم وجہ پوچھنے پر اس عہدیدار کو اعظم نے بتایا کہ وہ ایک قتل کرنے کے بعد خود سپرد کرنے آرہا ہے ۔ اس بات کو سننے کے بعد فوری قاتل کو اسٹیشن میں روک لیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق قاتل مقتولہ کے کردار پر شک کر رہا تھا ۔ مقتولہ کی بہن سے اس نے رقم بھی لی تھی ۔ کل رات مقتولہ نے اپنی بہن کو فون پر اطلاع دی تھی کہ اس کا شوہر اس کے کردار پر شبہ کر رہا ہے ۔