بیوی کا قاتل شوہر گرفتار

ناجائز تعلقات کا شاخسانہ ، دو ماہ بعد نعش کا پوسٹ مارٹم
حیدرآباد ۔ 5 جنوری ۔ ( سیاست نیوز) نارسنگی پولیس نے دو ماہ قبل اپنی بیوی کا قتل کرنے والے شوہر کو گرفتار کرلیا ۔ تاخیر سے منظرعام پر آئی اس قتل کی سنگین واردات میں پولیس نے قتل کی وجوہات کو بھی بیان کردیا اور 35 سالہ سائی اماں کی نعش کو اس کے مکان کے احاطہ سے نکال کر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے اس کا پوسٹ مارٹم کیا۔ پولیس کے مطابق سائی اماں کا قتل اس کے شوہر 45 سالہ ایشوریا اور اس کی مبینہ داشتہ ترپنا اماں نے کیا تھا ۔ دونوں میں مبینہ ناجائز تعلقات تھے ۔ مقتولہ بیوی اور قاتل شوہر کی شادی تقریباً 20 سال قبل ہوئی تھی ۔ تاہم ایشوریا کی شادی سے قبل اس کے اور ترپنا اماں کے درمیان مبینہ طورپر عاشقی چل رہی تھی ۔ ایشوریا کی سائی اماں سے شادی کے بعد ترپنا اماں نے بھی شادی کرلی اور اپنے شوہر کے ہمراہ ہوگئی ۔ علاقہ سے گندم گوڑہ حیدر شاہ کوٹ منتقل ہوگئی ۔ شوہر کی موت کے بعد ایشوریا دوبارہ اس کے رابطہ میں آیا اور اس نے ایشوریا اور اس کی بیوی کو روزگار کے مواقع بناتے ہوئے حیدر شاہ کوٹ منتقل ہونے کا مشورہ دیا اور اپنے مکان کے قریب کرایہ کا مکان دلایا ۔ جیسے ہی یہ لوگ منتقل ہوگئے دونوں میں دوستی بڑھ گئی ۔ اس دوران ایشوریا کی بیوی سائی اماں کو شوہر اور تروپنا اماں کے درمیان مبینہ طورپر ناجائز تعلقات کا پتہ چل گیا اور جھگڑے شروع ہوگئے ۔ آشنا اور داشتہ نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے سائی اماں کے قتل کی سازش رچی اور دو ماہ قبل گلا گھونٹ کر اس خاتون کا قتل کردیااور نعش کو مکان کے احاطہ میں دفن کردیا ۔ اس قتل کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایشوریا اپنے 9 سالہ لڑکے کو جو اپنے نانا نانی کے یہاں رہتا تھا اپنے مکان طلب کرنے گئی ۔ اس دوران ایشوریا کے برادر نسبتی نے اس سے اپنی بہن کے تعلق سے دریافت کیا تب اس نے انہیں بتایا تھا کہ اس کی بیوی دو ماہ سے لاپتہ ہے ۔ پولیس نارسنگی نے گمشدگی کی شکایت پر تحقیقات کرتے ہوئے اس سنسنی خیز قتل کیس کو منظرعام پر لایا۔ انسپکٹر نارسنگی مسٹر پی رامچندر راؤ نے یہ بات بتائی اور مصروف تحقیقات ہے ۔