بیوی اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی ، دلہا نے خودکشی کرلی

حیدرآباد /16 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) بیوی اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی سے تنگ آکر ایک دولہے نے خودکشی کرلی ۔ اپل پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 28 سالہ شخص سریکانت چاری نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ پولیس کے مطابق سریکانت کال سنٹر میں ملازمت کرتا تھا جو واسوی نگر رامنتاپور کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ اس شخص کی شادی جاریہ سال مئی کے مہینے میں بھوانی نامی خاتون سے ہوئی تھی ۔ شادی کے دو ماہ بعد سے اس دولہے نے گھر سے الگ ہوکر بیوی کے ساتھ رہنے لگا ۔ اس دوران بیوی کے مائیکے والوں سے اس کو شدید ہراسانی کا سامنا رہا ۔ ساس سجاتا اور خسر کے علاوہ بیوی کی بہن رانی ہر طرح سے اس شخص کو ہراساں کر رہے تھے اور اس کی بیوی بھی مائیکے والوں کی ہراسانی میں شامل تھی جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔