بیویوں کے جھگڑوں سے پریشان شوہروں کی خودکشی

حیدرآباد /4 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) گھریلو تنازعات بیوی سے جھگڑے اور بیوی کی ضد سے تنگ آکر تین افراد نے خودکشی کرلی ۔ یہ تین علحدہ واقعات پرانے شہر کے علاقہ کاماٹی پورہ ، پہاڑی شریف اور نریڈمیڈ پولیس حدود میں پیش آئے ۔ پرانے شہر کے علاقہ کاماٹی پورہ میں 35 سالہ سید عارف نے دوکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی جو پیشہ سے ٹیلر تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق عثمان باغ علاقہ کا ساکن عارف گھریلو جھگڑوں سے کافی پریشان تھا اور بیوی سے اس کا جھگڑا چل رہا تھا ۔ اس دوران ذہنی تناؤ میں آکر اس نے اپنی دوکان میں خودکشی کرلی ۔ کاماٹی پورہ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ بات بتائی ۔ جبکہ اس طرح کے ایک اور واقعہ میں جو پہاڑی شریف پولیس حدود میں پیش آیا 46 سالہ کروناکر ریڈی نے خودکشی کرلی جو پیشہ سے کسان تھا ۔ اس شخص کی بیوی اپنے مائیکے چلی گئی تھی اور بار بار اصرار کرنے پر بھی واپس نہیں آرہی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گھریلو جھگرے کے بعد اپنے مائیکے گئی ۔ بیوی کے گھر نہ آنے سے دلبرداشتہ ریڈی نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ ریڈی سابق میں ایک سیاسی جماعت کا ویلیج پریسیڈنٹ تھا ۔ نریڈ میڈ پولیس کے مطابق 24 سالہ نوین نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جو بیوی کی ضد اور بے رخی کا شکار تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پی جی کالونی کے ساکن نوین نے لو میارج کیا تھا ۔ لڑکا اور لڑکی ایک ہی کالونی میں رہتے تھے اور پڑوسی بتائے گئے ہیں ۔ شادی کے چند روز بعد دونوں میں جھگڑے شروع ہوگئے اور لڑکی اپنے مائیکے چلی گئی جو واپس نہیں آرہی تھی ۔ گذشتہ روز اپنے سسرال پہونچا اور اس نے بیوی سے گھر واپس آنے کی عاجزی کی تھی تاہم وہ واپس نہیں آئی اس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔