حیدرآباد /26 نومبر ( سیاست نیوز ) شہر میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں دو افراد نے خودکشی کرلی ۔ جنکا ان کی بیویوں سے جھگڑا ہوگیا تھا ۔ ایک کی بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی اور دوسرا بیوی کی ناراضگی سے پریشان تھا۔ٹپہ چبوترہ اور سیف آباد پولیس حدود میں یہ واقعات پیش آئے ۔ ٹپہ چبوترہ پولیس کے مطابق 30 سالہ شیخ اعظم جو پیشہ سے میوے کا کاروباری تھا ۔ سرور نگر جھرہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ 15 دن قبل اس شخص کی بیوی اعظم سے جھگڑے کے بعد اپنے مائیکے چلی گئی تھی ۔ ان دونوں کے درمیان اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اعظم نے آج فون پر اپنی بیوی سے بات کی تھی اور خودکشی کرنے کی دھمکی و اطلاع دی تھی ۔ جس کے بعد اس شخص نے پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 32 سالہ سنیل سنگھ جو مانصاحب ٹینک علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ اس نے کل اپنی بیوی سے جھگڑے کے بعد انتہائی اقدام کرتے ہوئے خودسوزی کرلی اور علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔