حیدرآباد 24 مئی (سیاست نیوز) سعیدآباد کے بالاجی نگر میں پیش آئے ایک واقعہ میں ایک نرس نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 سالہ اسٹاف نرس اوما رانی جو بیوہ تھی اور اُسے ایک لڑکی تھی لیکن وہ کے شراون کمار نامی شخص سے تعلقات قائم کئے ہوئے تھے اور وہ اُس کے ساتھ زندگی گزار رہی تھی۔ شراون کمار نے اوما رانی سے شادی سے انکار کردیا اور اس بات سے دلبرداشتہ اوما نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ متوفیہ کے بھائی رام چندر نے پولیس سے شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ اُس کی بہن گزشتہ چند مہینوں سے شراون کمار سے تعلقات قائم کئے ہوئے تھی اور اُس نے شادی کا وعدہ کیا تھا لیکن اچانک انکار پر اُس نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ سعیدآباد پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔