حیدرآباد زکواۃ چیارٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے 50 ہزار روپئے کی امداد کا پیشکش
نظا م آباد :25؍جون ( محمد جاوید علی) مطلقہ اور بیوہ خواتین حالات سے مایوس ہونے کے بجائے اللہ رب العزت اور تقدیر پر بھروسہ کرتے ہوئے زندگی بسر کریں ۔ حیدرآباد زکوۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام فائونڈیشن فار اکنامیکل اینڈ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ سوسائٹی ( فیڈ ) کی جانب سے نظا م آباد شہر سے تعلق رکھنے والی بیوہ اور مطلقہ خواتین میں رمضان پیاکیج کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ لمرا گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ تقریب سے طارق انصاری صدر ضلع اقلیتی سیل و ڈائریکٹر گوتمی گروپ آف کالج نے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں شاد خان ( فیڈ ٹرسٹی ) اور احمد عبدالعظیم مالک لمرا گارڈن نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ حیدرآباد زکوۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے ہر سال بیوہ اور مطلقہ خواتین میں رمضان پیاکیج کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے ۔ اس پروگرام کی خصوصیت یہ ہے کہ بیوہ اور مطلقہ خواتین کی کونسلنگ کرتے ہوئے انہیں حالات سے مایوس ہونے کے بجائے دوبارہ شادی کرتے ہوئے زندگی بسر کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے ۔ جناب طارق انصاری نے خطاب کرتے ہوئے ملت اسلامیہ میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معمولی وجوہات پر ازدواجی رشتہ ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچ جاتے ہیں جس سے طلاق کی شرح بڑھ رہی ہے کئی نوجوان خواتین کی زندگیاں اجیراً بن گئی ہے لیکن ایسی خواتین کو چاہئے کہ وہ اللہ رب العزت اور تقدیر پر اعتماد کرتے ہوئے دوبارہ شادی کے ذریعہ بہتر زندگی بسر کرنے کو ترجیح دیں ۔ کونسلنگ کے دوران کئی خواتین نے دوبارہ شادی کے تئیں مایوسی اور بیزاری کا اظہار کیا۔ لیکن فائونڈیشن کے ذمہ داران نے مایوس خواتین کو ترغیب دیتے ہوئے بہتر زندگی بسر کرنے کی ممکنہ کوشش کی ۔ طارق انصاری کے مطابق حیدرآباد زکوۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے مطلقہ یا بیوہ خواتین دوبارہ شادی کرنے کی صورت میں 50 ہزار روپئے نقد امداد منظوری کی جاتی ہے انہوں نے مذکورہ ادارہ کی بے مثال ملی و سماجی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملت اسلامیہ میں تعلیم کو عام کرنے کے ساتھ ہی ساتھ خواتین کی فلاح پر نظر مرکوز کرتے ہوئے بشیر الدین بابو خان مرحوم کے دور سے بے مثال خدمات انجام دے رہا ہے۔ پروگرام سے شاد خان اور احمد عبدالعظیم نے خطاب کرتے ہوئے خواتین کی کونسلنگ کی اور نماز ، روزہ کی پابندی کے ساتھ بہتر زندگی بسر کرنے اور حالات سے مایوس نہ ہونے کا مشورہ دیا۔ حیدرآباد زکوۃ اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ کے ذمہ داران ریاض الدین بابو خان ، علیم خان، نیئر عابد کی زیر نگرانی ریاست گیر سطح پر بے مثال ملی و سماجی خدمت انجام دی جارہی ہے ۔ رمضان پیاکیج میں چاول ، دال، آٹا، تیل ، نمک، مرچ پر مشتمل غذائی اشیاء کی خواتین میں تقسیم عمل میں لائی گئی رمضان پیاکیج حاصل کرنے والی خواتین نے ٹرسٹ کی خدمات پر راحت کا اظہار کیا۔ اس پروگرام میں والینٹرس عبدالجلیل، نظام آباد زون والینٹرمحمد نصیر الدین ، محمدعرفان، محمد سعداللہ کے علاوہ فہیم قریشی ، نعیم الدین اور دیگر موجود تھے۔ قبل ازیں طارق انصاری نے ٹرسٹ کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بابو خان صاحب مرحوم کے دور حیات سے یہ ادارہ ملت اسلامیہ کی تعلیمی اور سماجی ترقی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے ٹرسٹ سے ابھی تک ہزارہا خواتین اور طلباء نے استفادہ کیا ہے۔