ملبورن ۔29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) بال ٹیمپرنگ مقدمہ میں معطل آسٹریلیائی کرکٹر کیمرون بین کرافٹ کی 9 ماہ کی سزا ختم ہوگئی ہے اور وہ کل بگ بیش لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے اور آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کو بھی دستیاب ہونگے۔ بین کرافٹ اب ہر طرح کی کرکٹ کیلئے ٹیم کو دستیاب ہیں، وہ کل سے بگ بیش لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے،جبکہ وہ ہوبارٹ کے خلاف میچ میں پرتھ اسکارچرز کو دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاون ٹسٹ میں بال ٹیمپرنگ پرکپتان اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر فی کس ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ کیمرون بین کرافٹ کو 9 ماہ پابندی کی سزا دی گئی تھی جو ختم ہوگئی ہے۔ چند دن قبل ایک انٹرویو میں بین کرافٹ نے کہا کہ انہوں نے ڈیوڈ وارنر کے کہنے پر جو غلطی کی اس کی بہت بڑی قیمت ادا کرنی پڑی ہے، مشکل وقت تھا جو گزر گیا ہے۔