حیدرآباد /9 اگست ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے بدنام زمانہ بین ریاستی مجرمین کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ کنجار کھیرا گینگ کے نام سے بدنام یہ ٹولی تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں سرگرم تھی ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر وی سی سجنار نے اس سلسلہ میں پریس کانفرنس کو طلب کیا اور گرفتار ٹولی کے اراکین کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس بین ریاستی بدنام زمانہ مجرمین کی ٹولی کے قبضہ سے 3 تا 4 کیلو ( 780 گرام ) طلائی زیورات کو ضبط کیا گیا ۔ ہائی ویز ، دھابوں اور مخصوص مقامات پر مسافرین کو نشانہ بنانے میں یہ ٹولی کافی مہارت رکھتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 35 سالہ حیدر علی قاسم ملتانی 45 سالہ سکندر رزاق 28 سالہ محسن خان 33 سالہ طیب خان اور 20 سالہ اشفاق خان ساکنان مدھیہ پردیش کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔اس ٹولی کے گرفتار ارکان کھیروا جاگیر ویلیج کھواڑ پوسٹ منوار تعلقہ ضلع دھار ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس علاقہ میں ایک چھوٹا سا مقام ہے جہاں 70 تا 80 مکانات پائے جاتے ہیں ۔ جن میں 50 تا 60 افراد مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔ سرقہ لوٹ مار کے بعد یہ ٹولی کے ارکان اپنے قصبہ میں چلے جاتے ہیں ۔ طویل مسافت والی مسافر بردار بسوں کو یہ ٹولی نشانہ بناتی تھی ۔ جو لوگ ہائی ویز اور دھابوں پر تھکان کو دور کرنے اور کھانے کیلئے توقف کرتے ہیں ۔ ایسے موقع پر فائدہ اٹھاکر اس ٹولی کے اراکین قیمتی سامان نقد رقم طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا کرتے تھے ۔ اس ٹولی یا پھر دیگر مجرمین کی تلاش میں اگر کسی ریاست کی پولیس اس قصبہ میں جاتی تو مقامی عوام انہیں قصبہ میں آنے کی اجازت نہیں دیتے تھے ۔ بلکہ ان پر حملہ کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹتے تھے ۔ اس طرح کی خطرناک ٹولی کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔