چارمینار پولیس کی کارروائی ، مسروقہ مال و نقد رقم ضبط
حیدرآباد ۔ /29 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم اور چارمینار پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں خطرناک بین ریاستی مجرموں کی ٹولی (بواریا گینگ) کے ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا نے بتایا کہ 45 سالہ گوپال عرف بھینسہ ، 24 سالہ اشوک کمار اور 42 سالہ جگدیش عرف مودی جن کا تعلق ضلع شاملی اترپردیش سے ہے اور وہ بواریا فرقہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزمین اترپردیش سے حیدرآباد بذریعہ ٹرین پہونچ کر عوامی مقامات بشمول ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹیشن اور دیگر مقامات پر عوام کی توجہ ہٹاکر ان کے نقد رقم اور قیمتی اشیاء کا سرقہ کیا کرتے تھے ۔ گزشتہ ماہ میں بواریا ٹولی نے چھتری ناکہ ، چارمینار اور کاچی گوڑہ علاقوں میں تین توجہ ہٹاکر افراد کو لوٹنے کی واردات میں ملوث ہے جبکہ چارمینار اور گوپالا پورم پولیس اسٹیشن حدود میں دو سرقوں کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ خطرناک بواریا ٹولی کی شہر میں موجودگی کی اطلاع پر ٹاسک فورس اور چارمینار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ارکان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 11 تولے طلائی زیورات اور 29 ہزار نقد رقم برآمد کرلی۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے بتایا کہ مذکورہ گرفتار ملزمین کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جائے گا تاکہ وہ طویل عرصہ تک جیل میں محروس رہے اور ان کی مجرمانہ سرگرمیوں پر روک لگائی جاسکے ۔