بین ریاستی سارق گرفتار26 بائیکس ضبط

حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : آر ٹی سی بس کے ذریعہ شہر آکر موٹر سیکلوں کا سرقہ کرنے والے ایک بدنام زمانہ بین ریاستی عادی سارق کو سی سی ایس پولیس ایل بی نگر نے گرفتار کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس راچاکنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی ۔ انہوں نے آج ایک میڈیا کانفرنس کے دوران اس سارق کو پیش کیا اور ضبط شدہ مسروقہ موٹر سائیکلس بھی بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ 28 سالہ سارق وائی ستیہ نارائنا عرف ستی نیڈو کو پولیس نے بالاخر گرفتار کرلیا ۔ جو ضلع محبوب نگر کے ستن پلی ویلیج شاد نگر منڈل کا ساکن ہے جس کا آبائی مقام مشرقی گوداوری بتایا گیا ہے ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 13 لاکھ مالیتی 26 موٹر سیکلوں کو ضبط کرلیا ۔ جو اس نے ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے سرقہ کیا تھا ۔ پیشہ سے الیکٹریشن کا کام کرنے والا یہ عادی سارق سابق میں دو مرتبہ جیل کی سزا بھی کاٹ چکا ہے ۔۔