حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) افضل گنج پولیس نے دو رکنی بین ریاستی سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 10 لاکھ سے زائد مسروقہ رقم برآمد کرلی۔ پولیس افضل گنج نے بتایا کہ 22 سالہ جگدیش گیری اور 21 سالہ پروین سنگھ جن کا تعلق ضلع جالور راجستھان سے ہے، پرنس پیپر ٹریڈرس میں داخل ہوکر سرقہ کی واردات انجام دی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ سارقین نے 13 مارچ کی شب مقام واردات پر موجود 11 لاکھ روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا اور دوسرے دن بھنیمل (راجستھان) کیلئے روانہ ہوگئے۔ پولیس نے شواہد کی بنیاد پر سارقین کا پتہ لگا لیا اور پولیس نے اُس بس ڈرائیور سے رابطہ قائم کرلیا جس میں سارقین سفر کررہے تھے۔ حیدرآباد پولیس کی اطلاع کے بعد بس ڈرائیور نے گجرات کی رامول پولیس کو اس بات سے مطلع کیا جس کے نتیجہ میں دونوں سارقین کو بس سے گرفتار کرلیا گیا اور اُنھیں حیدرآباد پولیس نے ٹرانزٹ وارنٹ پر شہر منتقل کیا۔