ضلع ایس پی سنگاریڈی چندر شیکھر ریڈی کا انکشاف
سنگاریڈی 30 ؍جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع ایس پی ایس چندرا شیکھرریڈی نے آج ڈسٹرکٹ پولیس آفس سنگاریڈی میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سنگاریڈی کی پولیس نے بین الریاستی سارقین کی ٹولی کے تین سارقین بونالا چنا‘بونالا مئیکل اور پٹلا پریم کمارکو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔اور انہیں میڈیا کے روبرو پیش کیا۔انہوں نے تفصیلات بتا تے ہوئے کہا کہ 29 ؍جنوری کو سہ پہر تین بجے بائی پاس روڈ ‘ مہیلا پرا نگنم کے قریب تین موٹر سیکلوں پر پانچ سارقین واردات انجام دینے کی غرض سے سنگاریڈی آ رہے تھے کہ اسی اثناء سنگاریڈی ٹائون سی آئی رام کرشنا ریڈی اور رورل سی آئی پی نریندرو دیگر عملہ کے ہمراہ انہیں شک و شبہ کی بنیاد پر روکنے کی کوشش کی جس پر دو سارقین چنا اور اجیت راہ فرار اختیار کرلی اور تین سارقین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ضلع ایس پی نے کہا کہ ضلع نیلور سے تعلق رکھنے والی بین الریاستی سارقین بی ۔ چنا ‘ بی مئیکل‘ پریم کمار ‘ آکولا وجئے ‘ اجیت اور چنا پر مشتمل 6 رکنی سارقین کی ٹولی جوسابق میں ریاست کرنا ٹک ‘ ریاست مہا راشٹرا کے علاوہ متحدہ آندھر ا پردیش کے مختلف مقاما ت کے بنکوں کے پاس بنک سے رقم نکالنے اور جمع کرنے والے افراد پر نظر رکھتے ہوئے رقم کو سرقہ کر لیا کر تے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بین الریاستی سارقین کی ٹولی گذشتہ چند ماہ سے سدا سیو پیٹ ‘ سنگاریڈی ‘ پٹن چیرو ‘ لنگم پلی اور پڑوسی ریاست کے گلبرگہ اور بیدر میں جملہ 14 وارداتیں انجام دیتے ہوئے 16 لاکھ روپئے سرقہ کئے۔ گذشتہ دو ماہ سے بین الریاستی سارقین کی ٹولی ظہیرآباد میں مکان کرایہ پر لیکر قیام پذیر تھی اسی طرح گرفتار سارقین کے پاس سے تین موٹر سیکل اور12 ہزار نقد رقم برآمد کرلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار سارقین پر پی ڈی ایکٹ لگا یا جائے گا تاکہ ان کی رہائی جلد عمل میں نہ آسکے۔ بنکوں سے رجوع ہونے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ بنکوں کے قریب انجان افرد سے انتہائی چوکس و چوکنا رہیں۔اس موقع پرڈی ایس پی سنگاریڈی سرینواس کمار ‘ سی آئی سنگاریڈی ٹائون رام کرشنا ریڈی ‘ رورل سی آئی پی نر یندر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔