بین ریاستی سارقوں کی ٹولی بے نقاب،تین ارکان گرفتار

حیدرآباد /23 اپریل ( سیاست نیوز ) حیات نگر پولیس نے ایک بین ریاستی تین رکنی ٹولی کو بے نقاب کردیا ۔پولیس نے نرور علاقہ سے اس ٹولی کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف پولیس کے یہاں کوئی ثبوت نہیں تھا ۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ان سے پوچھ گچھ کی اور تحقیقات کے دوران حراست میں لئے گئے افراد نے اپنا جرم قبول کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس مسٹر ایم وی راؤ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 42 سالہ رشید شاہ حمید 54 سالہ نیاز علی مقصود علی ساکنان اکولہ مہاراشٹرا اور شیخ حمید پاشاہ 45 ساکن عبداللہ پور میٹ کو گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ یہ نیاز علی اور رشید شاہ دونوں موٹر سائیکل پر حیدرآباد آئے تھے اور بند مکانات کی نشاندہی کے بعد سرقہ کی وارداتیں انجام دیا کرتے تھے اور مسروقہ سامان کو حمید پاشاہ کے یہاں رکھ دیا کرتے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 لاکھ مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا جس میں 17 تولہ سونا اور 83 تولا چاندی شامل ہے ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ مسروقہ موٹر سائیکل سے حاصل شدہ ثبوت کی بنیاد پر یہ ٹولی بے نقاب ہوئی چونکہ اس سے قبل ان کے فنگر پرنٹ و دیگر کوئی مجرمانہ ریکارڈ کی تفصیلات موجود نہیں تھی ۔