بین ریاستی رہزنوں کی ٹولی گرفتار

10.5 تولہ طلائی زیورات ضبط، ضلع ایس پی کا انکشاف

نلگنڈہ۔یکم فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پولیس نے بین ریاستی رہزنی کی ٹولی کے رکن کو گرفتار کرتے ہوئے زائد از 10.5 تولہ طلائی زیورات ضبط کرلیا ۔ ٹولی کے دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ یہ بات ضلع مہتمم پولیس نلگنڈہ مسٹر پرکاش ریڈی نے آج پولیس ہیڈ کوارٹر میں اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں جدید ٹکنالوجی کے استعمال سے جرائم پر قابو پانے کی غرض سے کی جارہی کوششوں کی وجہ یہ ٹولی کی نشاندہی کی گئی ہے۔5جنوری کو نلگنڈہ بس اسٹانڈ کے قریب میں واقع ماروتی موبائیل کی دوکان میں سرقہ کی شکایت پر پولیس نے سی سی کیمروں کے فوٹجیج سے ان تک پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔ ضلع گنٹور کے سیتا رام کی ساکن سمدرا سرسوتی اور اسی موضع سے تعلق رکھنے والی گوگولا اور پرمیلا تلنگانہ، آندھرا پردیش، بنگلورو، چینائی کے مصروف ترین مارکٹ، بس اسٹانڈ اور ریلوے اسٹیشنوں میں خواتین کے ہینڈ بیاگس سے قیمتی سامان کا سرقہ کیا کرتے ہیں۔ اس اثناء میں  تین رکنی ٹولی کا ایک فرد گوگالا عرف گوردھن عرف گوگار وجے واڑہ کی29جنوری دوپہر کے اوقات میں مریال گوڑہ بس اسٹانڈ میں وجئے لکشمی نامی خاتون ساکن جڑچرلہ کے ہینڈ بیاگ میں طلائی زیورات کے پیاکٹ کا سرقہ کرلیا، بس اسٹانڈ میں نصب کردہ سی سی کیمروں کی فوٹیج کو حاصل کرکے تمام واٹس اپ گروپس میں شیئر کیا تھا۔ 2 ٹاؤن پولیس آئی ڈی پارٹی نے وجئے واڑہ پہنچ کر گوگولا کو حراست میں لیا۔ گوگولا کے یہاں پر مریال گوڑہ میں سرقہ ہونے والے تمام طلائی زیورات دستیاب ہوئے۔ انہوں نے ضبط کردہ اشیاء سے متعلق بتایا کہ 6.5 تولہ طلائی ہار 2.4 تولہ سونے کی چین اور دیگر سونے کے زیورات 20گرام کو ضبط کرلیا ہے ۔انہوں نے اس موقع پر کامیابی کے ساتھ بین ریاستی ٹولی کی فرد کو گرفتار کرنے والے 2 ٹاؤن سب انسپکٹر درگا رام لنگا پرساد کی ٹیم کی ستائش کی۔ اس صحافتی کانفرنس میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی مسٹر وینکٹیشورلو و دیگر ملازمین پولیس موجود تھے۔