حیدرآباد۔3 جون (سیاست نیوز) بین ریاستی رہزنوں کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے ترملگیری رہزنی کا معمہ حل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق 26 مئی کی شب سرسوتی نگر ترملگیری میں واقع بی کروناکر کے فلیٹ میں 2 نامعلوم رہزن داخل ہوکر موبائیل فون اور زیورات لوٹ کر وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔ ٹاسک فورس پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات کرتے ہوئے مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ شیخ بابو اور اس کے ساتھ 19 سالہ عابد یوہد ملا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ شیخ بابو تعمیراتی عمارتوں میں مزدوری کیا کرتا تھا جہاں اس کی ملاقات مغربی بنگال کی ایک فاحشہ عورت سے ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ عورت کی ملاقات کروناکر سے بھی ہوئی اور وہ اکثر اس کے پاس جایا کرتی تھی۔ شیخ بابو نے اس عورت کی مدد سے کروناکر کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا اور 26 مئی کی سہ پہر شیخ بابو اور اس کے ساتھی عابد فلیٹ میں داخل ہوگئے اور قیمتی موبائیل فون، چاندی کے زیورات اور دیگر اشیاء لوٹ کر وہاں سے فرار ہوگئے۔