حیدرآباد ۔ /27 جون (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے ایرانی گیانگ کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا جو خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے معصوم عوام کو ٹھگ رہے تھے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر ایم کوٹی ریڈی ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ شبیر علی ، شیخ حسن اور ہجو علی متوطن مہاراشٹرا طاہر علی کی قیادت میں ایک ٹولی کی شکل میں تلنگانہ ، آندھراپردیش ، گجرات ، مہاراشٹرا ، راجستھان ، کرناٹک ، ٹاملناڈو میں دھوکہ دہی اور سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق بھیونڈی مہاراشٹرا سے ہے اور وہ ایرانی ٹولی سے تعلق ہے ۔ پرتعیش زندگی کیلئے وہ خودساختہ پولیس ظاہر کرتے ہوئے توجہ ہٹاکر عوام کو لوٹ رہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایرانی گیانگ کا نشانہ خواتین ہوتے ہیں اور انہیں آسانی سے ٹھگ لیا کرتے ہیں ۔ ان کا طریقہ کار یہ ہے کہ خواتین کو طلائی زیورات کی حفاظت کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اور خود کو پولیس کانسٹبل ظاہر کرتے ہوئے ان کی ہمدردی حاصل کرنے کے بعد طلائی زیورات چھین کر فرار ہوجایا کرتے ۔ اتنا ہی نہیں مذکورہ ٹولی بینکس کے قریب بھی بینک گاہکوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے قبضے سے بھاری رقومات چھین کر فرار ہوجایا کرتے تھے ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضے سے 10 لاکھ نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ۔