یاقوت پورہ کے گھر پر دھاوا ، کئی موبائیل ، سم کارڈس ، آلات ضبط
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : حیدرآباد سٹی پولیس نے آج دعویٰ کیا کہ اس نے تین افراد کی گرفتاری کے ساتھ بین الاقوامی ٹیلی فون کال روٹنگ ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ہے ۔ پولیس کے مطابق کال روٹنگ میں انٹرنیٹ کے ذریعہ ڈاٹا کی شکل میں ’ ان کمنگ کالس ‘ موصول ہوتے ہیں ۔ جنہیں وی او آئی پی گیٹ ویز سوئچ کے ذریعہ وائس کال میں تبدیل کیا جاتا ہے ۔ یہ عمل مجاز سرکاری ٹیلی کام گیٹ ویز کو عبور کرلیتا ہے جس سے حکومت کو بھاری مالی خسارہ ہوتا ہے اور ملک کی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سنٹرل کرائم اسٹیشن سی سی ایس کی ایک ٹیم نے معتبر ذرائع سے خفیہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد پرانا شہر کے یاقوت پورہ میں واقعہ ایک گھر پر دھاوا کیا اور محمد عبدالبشیر کو گرفتار کرلیا گیا جو گذشتہ چھ ماہ سے کال روٹنگ بزنس میں ملوث تھا ۔ بشیر اپنے غیر قانونی گیٹ وے کے دریعہ دبئی اور مشرقی وسطی کے مختلف ممالک سے کال موصول کیا کرتا تھا ۔ پولیس نے محمد سرفراز کو بھی گرفتار کرلیا جس کے گھر میں وی او آئی پی کا غیر مجاز ایکسچینج تھا ۔ سید عرفان کبیر تیسرا گرفتار شدہ ملزم نے جو کثیر تعداد میں سم کارڈس فروخت کیا کرتا تھا اور ان دونوں کو سم کارڈس کرایہ پر بھی دیا کرتا تھا ۔ گرفتار شدگان کے قبضہ سے سات سنگل / ملیٹپل ایکسیس سم روٹرس ( گیٹ ویز ) وائی فائی روٹرس ، کئی اینٹینا ، پیاچ ، پینل ، لیاپ ٹاپ ، سیل فونس اور 364 سم کارڈس ضبط کرلیے گئے ۔ ملزمین ایک ماہ کے دوران 4000 تا 5000 منٹ کی کال روٹنگ کرتے ہوئے ماہانہ ایک لاکھ روپئے کمایا کرتے تھے ۔ انہیں قطر میں موجود ایک شخص راجو نیپالی کے علاوہ ’ ٹاک فری ‘ اور ایسے اداروں سے حوالہ کے ذریعہ کمیشن حاصل ہوا کرتا تھا ۔۔