حیدرآباد ۔ 30 جولائی ۔ ( راست ) فلوریڈا ،امریکہ میں منعقدہ بین الاقوامی باڈی بلڈنگ مقابلہ میں ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عیسیٰ مصری کو چوتھے مقام کے حصول پر تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرز یونین (TSTU) کے جنرل سکریٹری محمد عبداﷲ ، تلنگانہ اسپورٹس فیڈریشن کے جنرل سکریٹری جناب روپیش ، قدیم شہر باڈی بلڈنگ اسوسی ایشن کے منیجر جناب یٰسین علی نے وفد کی شکل میں حکومتی مشیر ڈاکٹر کے وی رمنا چاری سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر انھوں نے عیسیٰ مصری کی ستائش کرتے ہوئے دلی مبارکباد پیش کی اور کہاکہ تشکیل ریاست کے بعد تلنگانہ کے سپوت نے عظیم کارنامہ انجام دیا ہے اور تلنگانہ ریاست کا نام روشن کیا ہے ۔ عیسیٰ مصری کے طلباء و طالبات اور عوام کے لئے اپنی رضاکارانہ خدمات کی پیشکش کے اس اقدام کو عوام کے لئے ایک سنہری موقع قرار دیا اور آخر میں وفد کے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔