بین الاقوامی قحبہ گری کے اڈے پر دھاوا

حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) ایس آر نگر پولیس نے ایک ہوٹل پر دھاوا کرتے ہوئے قحبہ گری کے اڈے کو بے نقاب کیا اور 7 عورتیں بشمول 4 ازبیکستانی عورتوں کو اِس چنگل سے بچالیا۔ ایس آر نگر پولیس اسٹیشن کے ڈٹکٹیو انسپکٹر اجئے کمار نے خفیہ اطلاع ملنے پر آدتیہ پارک ہوٹل میں دھاوا کیا اور قحبہ گری کے اڈے کا پتہ لگایا۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس پنجہ گٹہ تروپتنا نے میڈیا کو بتایا کہ ہوٹل میں بین الاقوامی قحبہ گری کا اڈہ چلایا جارہا تھا جسے پولیس نے بے نقاب کیا ہے اور 7 عورتوں کو جسم فروشی کے کاروبار سے بچالیا۔ اُنھوں نے کہاکہ چار ازبیکستان کی عورتوں کو بھی اِس کاروبار میں ملوث کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ آدتیہ پارک ہوٹل پر دھاوے کے بعد ہوٹل منیجر کو بھی گرفتار کرلیا گیا اور اُس کی اطلاع پر پنجہ گٹہ میں واقع کولو لاج پر بھی دھاوا کیا گیا جہاں سے بعض عورتوں اور 4 دلالوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایس آر نگر پولیس نے گرفتار کئے گئے دلالوں کو عدالت میں پیش کردیا جبکہ عورتوں کو بازآبادکاری مراکز منتقل کردیا گیا۔