حیدرآباد۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) پولیس نے آج دعویٰ کیا کہ اس نے بین الاقوامی جعلی سرٹیفکیٹ ریاکٹ کو بے نقاب کیا ہے۔ اس سلسلے میں تین افراد گرفتار کرلئے گئے ہیں اور ان کے قبضہ سے جعلی اسٹامپس، سرٹیفکیٹس اور ان کی تیاری کیلئے استعمال ہونے والی اشیاء کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ کارروائی میڈیکل آفیسر سی ایچ لونیا کی 22 جولائی کو داخل کردہ شکایت پر کی ہے۔ عہدیدار نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ اس ریاکٹ میں کئی لوگ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن کی خصوصی ٹیم نے 29 جولائی کو ایک تاجر ڈی سرینواس کو گرفتار کیا ہے۔ تفتیش پر اس نے اقبال جرم کرلیا۔