بینک کھاتہ داروں کو دھوکہ دینے والی ٹولی کے دو افراد گرفتار

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) بینک کھاتہ داروں کو دھوکہ دینے والے شاطر دھوکہ بازوں کی ٹولی کی مدد کرنے والے دو افراد کو سی سی ایس پولیس نے مغربی بنگال سے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 21 سالہ گلشن کمار چندرکر اور 23 سالہ پنکج شرما جن کا تعلق مغربی بنگال سے ہے، ڈبیٹ و کریڈٹ کارڈس کے تفصیلات حاصل کرکے بینک کھاتہ داروں کو دھوکہ دینے والی بین ریاستی ٹولی کی مدد کررہے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھوکہ بازوں کی ٹولی خود کو بینک عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے کھاتہ داروں کو فون کرتے ہوئے اُن کے ڈبیٹ کارڈس کے تفصیلات بشمول ون ٹائم پاسورڈ (او ٹی پی) حاصل کرتے ہوئے عوام کو ٹھگ لیا کرتے تھے۔ گلشن کمار اور پنکج شرما دھوکہ بازوں کو اپنا بینک کھاتہ کے استعمال کی اجازت دی تھی اور اُن سے دھوکہ دہی کی رقم سے کمیشن حاصل کیا کرتے تھے۔ سی سی ایس پولیس کی ٹیم نے مذکورہ ملزمین کو مغربی بنگال سے ٹرانزٹ وارنٹ پر منتقل کیا اور عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔