بینک کھاتوں سے رقم سرقہ کرنے والا گرفتار

ایک ہی روم میں رہنے والے دوست کی کارستانی ، سائبر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /31 مئی ( سیاست نیوز ) بنک کھاتوں سے رقم کا سرقہ کرنے والے ایک شخص کو سائبرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شکایت گذار اور خاطی دونوں ایک ہی روم میں رہتے تھے ۔ جبکہ ایک ساتھی ہونے کے ناطے اس شخص پر شکایت گذار کو شبہ نہیں ہوا ۔ سارا معاملہ موبائیل بنکنگ کے ذریعہ انجام دیا جاتا تھا ۔ سائبرآباد پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں 21 سالہ این نکھل سائی کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جو بی بی پیٹ کاماریڈی ضلع کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ علاقہ کے ساکن پنکج کمار نے شکایت کی تھی کہ اس کے بغیر علم میں لائے ہوئے اس کے بنک کھاتے سے 3 لاکھ 90 ہزار روپئے غائب ہوچکے ہیں ۔ پولیس نے شکایت کے بعد تحقیقات انجام دی اور ایک خفیہ اطلاع پر نکھل سائی کو گرفتار کرلیا ۔ شکایت گذار کے دو بینک کھاتے ہیں آئی سی آئی سی آئی اور پنجاب نیشنل بنک میں پائے جاتے ہیں ۔ پولیس نے خاطی کو گرفتار کرنے کے بعد بتایا کہ اس شاطر سارق نے اپنے ساتھی کا موبائیل فون لیکر اس میں تیز ایپ کو ڈاؤنڈ لوڈ کرلیا تھا اور اس ایپ کے شرائط میں موبائل پن کو بھی اپنے نمبر سے ڈاؤن لوڈ کردیا اور اپنے موبائل کی لنک جوڑدی جس کے بعد وہ اپنی مرضی کے مطابق موبائل بینکنگ کے ذریعہ ساتھی کے بغیر علم میں لائے اس سے غداری کرتے ہوئے اسے دھوکہ دے رہا تھا ۔ دونوں ایک ہاسٹل کے روم میں رہتے تھے ۔ اس دوران گرفتار ایس سائی نکھل نے یہ کام انجام دیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 26مارچ تا 14 مئی کے درمیان سارے تبادلے ہوئے اور اس دوران اس نے 3 لاکھ 90 ہزار کا اپنے ساتھی کو دھوکہ دیا ۔ سائبر کرائم پولیس اس معاملہ میں مزید تحقیقات ہے ۔