بینک سے 50 لاکھ روپئے مالیتی سونے کے زیورات کا سرقہ

دھرم پوری ۔ 26 ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اگریکلچرل کوآپریٹیو بینک دھرم پوری میںکل درمیانی شب نامعلوم سارقوں نے دلیرانہ کارروائی کرتے ہوئے 50لاکھ روپئے مالیتی سونے کے زیورات‘ اور 2.85نقد روپیوں کا سرقہ کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق دھرم پوری میں قومی شاہراہ پر موجود زرعی امداد باہمی بینک میں سرقہ کی واردات نے عوا م کو سراسمیگی میں ڈال دیا۔ سرقہ کی واردات سے کئی ایک شک و شبہات پیدا ہوئے ہیں۔ آج صبح سی ای او بوچیا کے بینک کو تالہ کھولنے پر سرقہ کی واردات کا علم ہوا ۔

سارقوں نے بینک کے شٹر کا تالا توڑ ڈالا اور اندر داخل ہوکر الماری کے تالے تو ڑ ڈالے اور لاکر میں موجود 2.85لاکھ روپئے نقد رقم اور سونے کے زیورات کا سرقہ کرلیا۔ سال گزشتہ 27افراد نے 1.345کیلو سونے کے زیورات رکھ کر 23لاکھ روپئے قرض حاصل کئے تھے اور اپنے سونے کے زیورات بطور ضمانت بینک میں جمع کیے تھے ۔ سرقہ کی واردات کی اطلاع ملنے پرجگتیال ڈی یس پی پی پرمیشورریڈی‘ سی آئی مہندر‘ یس آئی جگن موہن ریڈی مقام واردات پہنچ کر معائنہ کیا ۔ سارقوں کے فنگر پرنٹس حاصل کئے۔ کریم نگر سے ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے بینک کے کھاتے داروں سے اپیل کی کہ و ہ پریشان نہ ہوں، سارقوں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے گا۔