بینک سے قرض لے کر دھوکہ دینے والا شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ /31 جنوری (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے بینک کو دھوکہ دینے والے ایک دھوکے باز کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بینک آف مہاراشٹرا سے نارائینا پیساپتی جو بیکی فوڈ پرائیویٹ لمیٹیڈ واقع آئی ڈی اے چیرلہ پلی میں کاروبار چلاتا تھا نے دو کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا تھا ۔ بینک آف مہاراشٹرا خیریت آباد برانچ سے رجوع ہوکر دھوکے باز نے کٹلری کے پلانٹ کو قائم کرنے کیلئے مشنری کی خریدی اور دیگر اخراجات کیلئے دو کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ نارائینا نے کئی زمینداروں سے ایس آر نگر علاقہ میں واقع اراضی کے فرضی معاہدے کرلئے اور ان معاہدوں کی بنیاد پر 2 کروڑ کا قرض حاصل کرلیا ۔ فرضی دستاویزات کے ذریعہ قرض حاصل کرنے اور دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کے نتیجہ میں سی سی ایس پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔