سنگاریڈی۔ /25مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگاریڈی ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں جرائم کی روک تھام کیلئے ایک جائزہ اجلاس مسٹر گنگا دھر ڈی آئی جی نظام آباد رینج کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں بی سومتی ایس پی ضلع میدک کے علاوہ ضلع میدک کے تمام ایڈیشنل ایس پیز، ڈی ایس پیز اور سرکل انسپکٹرس موجود تھے۔ گنگادھر ڈی آئی جی نظام آباد رینج نے کہا کہ ضلع میں بینکس اور گولڈ فینانس سنٹرس کی حفاظت سے متعلق شعور بیداری مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ حفاظتی انتظامات بہتر طور پر انجام دیئے جاسکیں۔ ضلع میدک میں سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے ضروری اقدامات کئے جانے چاہیئے اور ٹریفک انتظامات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے عوام کو راحت پہنچائی جائے۔ خانگی کالجس و اسکولس کے ڈرائیورس کو بھی گاڑیوں کو اطمینان سے چلانے اور موٹر گاڑیوں کے فٹنس سے متعلق کالج و اسکولی انتظامیہ اپنی جانب سے توجہ دیتے ہوئے طلباء و طالبات کو بحفاظت تعلیمی مرکز اور ان کے مکان پہنچایا جائے جس کے لئے پولیس کی جانب سے بھی شعور بیداری مہم چلائی جائے۔ بغیر لائسنس کے گاڑیاں چلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ سرقہ کی روک تھام کیلئے پولیس کی جانب سے گشتی مہم میں اضافہ کیا جائے، ضلع میدک میں زیر التواء مقدمات کی یکسوئی پر توجہ دی جائے اور زیر التواء نان بیلبل وارنٹس کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ پولیس اسٹیشنوں میں مسائل لے کر آنے والے عوام سے بہتر انداز میں بات چیت کرتے ہوئے شکایتی درخواستیں حاصل کی جائیں اور ان کی شکایتوں کا جائزہ لیتے ہوئے جلد مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں۔ ضلع میں امن و امان کی برقراری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ بی سومتی ایس پی ضلع میدک نے امن وامان سے متعلق تمام تفصیلات پیش کیں۔ اس موقع پر رویندر ریڈی ایڈیشنل ایس پی، ترپت انا ڈی ایس پی سنگاریڈی، ڈی ایس پی توپران وینکٹیشورلو، رتنم، سریندر ریڈی، سریدھر کے علاوہ ڈی سی آر بی انسپکٹر خواجہ معین الدین ، رامچندر موجود تھے۔