بینکس میں پی اوز اور کلرکس کے تقررات

اقلیتی امیدواروں کو مفت کوچنگ ، 30 نومبر آن لائن ادخال درخواست کی آخری تاریخ
حیدرآباد ۔ 16۔  نومبر  (سیاست نیوز) تلنگانہ میناریٹی اسٹڈی سرکل نے بینکوں میں پی اوز اور بینک کلرکس کے تقررات کے سلسلہ میں اقلیتی طلبہ کی کوچنگ کا اہتمام کیا ہے ۔ ڈائرکٹر اسٹڈی سرکل کے مطابق بینکوں میں پی اوز اور کلرس کی جائیدادوں کے تقررات کا اعلان کیا گیا ہے جس کیلئے اسٹڈی سرکل نے اقلیتی طلبہ کو مفت کوچنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان عہدوں کیلئے تعلیمی قابلیت کم سے کم گریجویشن ہونی چاہئے ۔ اقلیتی طلبہ کیلئے کوچنگ کا اہتمام میناریٹی اسٹڈی سرکل حیدرآباد اور اضلاع کے منتخب مراکز پر کیا جائے گا ۔ خواہشمند امیدوار 30 نومبر تک آن لائین درخواستیں درج ذیل ویب سائیٹ پر داخل کرسکتے ہیں۔ msc.telangana.gov.in مزید تفصیلات کیلئے مذکورہ ویب سائیٹ یا پھر اسٹڈی سرکل کے دفتر واقع گن فاؤنڈری سے رجوع ہوسکتے ہیں۔
نوٹوں کا چلن بند ، عام آدمی پریشان : پروفیسر کودنڈا رام
حیدرآباد ۔ 16 ۔ نومبر : ( آئی این این): تلنگانہ جے اے سی صدر نشین پروفیسر کودنڈا رام نے مرکز کے 500 ، 1000 کے نوٹوں کے چلن کو بند کرنے کے فیصلہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا عام آدمی اس اقدام سے شدید مشکلات سے دوچار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عام آدمی کو راحت کے لیے مزید اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کالا دھن کو روکنے حکومت کا قدم بہتر ہے تاہم غریب اور اوسط طبقہ کو مشکلات نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے یاد دلایا 1978 میں بڑی کرنسی کے چلن کو روکا گیا تھا تاہم اس کا عام آدمی پر کوئی اثر نہیں پڑا ۔ لیکن موجودہ حکومت کے اعلان سے 86 فیصد عوام شہری متاثر ہوئے ہیں ۔۔