بیمارا ور مسلمان ظاہر کرکے بھیک مانگنے والا دھوکہ باز بے نقاب

حیدرآباد /30 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر کے علاقہ مشیرآباد میں آج عوام نے ایک بڑے دھوکہ دیہی کے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ ایک بھکاری کے پکڑے جانے اور اس کی اصلاحیت کو بے نقاب کرنے کے بعد حیرت انگیز انکشافات کا خلاصہ کرلیا گیا ۔ تاہم عوام نے اسے مشیرآباد پولیس کے حوالے کردیا اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک بھیکاری جو خود کو مسلمان ظاہر کرکے گردوں کے عارضہ کا شکار بنارہا تھا ۔ گذشتہ 15 دن سے مشیرآباد کی مسلم بستیوں میں گھوم رہا تھا ۔ آٹو رکشا میں مائیک کے ذریعہ بھیک مانگ رہا تھا اور مذہب کے نام پر دہائی دیتے ہوئے عوامی جذبات کا استحصال کر رہا تھا ۔ گذشتہ 15 دن سے اپنی بستی میں مسلسل سرگرم دیکھ کر بھولک پور کے چند نوجوان چوکس ہوگئے اور اس شخص سے مرض کے تعلق دریافت کیا ۔ ہمدردی کے تحت ان نوجوانان بھولک پور نے اس دھوکہ باز کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹرس نے اس بات کی تصدیق کردی کہ اس شخص کو جو اپنا نام اکرم بتا رہا تھا گردے کا مریض نہیں ہے ۔ جس کے بعد نوجوان نے اس سے دریافت کیا تو اس نے اپنا نام شیوا بتایا جو اترپردیش کا متوطن ہے ۔ جیسے ہی شیوا کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا اس کا ساتھی فرار ہوگیا ۔ نوجوانان بھولک پور نے شیوا کے قبضہ سے ایک ڈائری بھی برآمد کی جس میں حاضری درج تھی ۔ دریافت کرنے پر پتہ چلاکہ اس دھوکہ باز کی طرز پر شہر بھر میں تقریباً 60 ٹولیاں سرگرم ہیں جو بیماری کے نام پر رقم بٹور رہی ہیں اور رات میں یہ لوگ افضل گنج پل سے متصل موسی ندی کے سایہ میں ایک جگہ جمع ہوتے ہیں ۔ تاہم کون اس ریاکٹ کا سرغنہ ہے کون یہ نٹ ورک چلا رہا ہے اس کا پتہ نہ ہوسکا ۔ تاہم نوجوانوں نے اس بات کا شبہ ظاہر کیا کہ یہ لوگ صرف مسلم علاقوں میں گشت کر رہے ہیں تاہم کیا یہ لوگ کوئی ناپاک عزائم کا منصوبہ تو نہیں رکھتے ۔ پولیس اور حکومت پر ذمہ داری ہے کہ ان کی حقیقت کو منظر عام پر لائے اور موثر اقدامات کریں ۔