زعفرانی جماعت پر طالبان طرزِ حکمرانی اور ہندو دھرم کو نقصان پہونچانے ممتا بنرجی کا الزام
’’بی جے پی ہٹاؤ ۔ دیش بچاؤ ‘‘یوم شہیداں ریالی کا نعرہ
کولکتہ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے پر زور دیتے ہوئے زعفرانی پارٹی پر ملک میں جنونی ہجوم کے ہاتھوں بے قصور افراد کو مار مار کر ہلاک کرنے، نفرت اور تشدد کی فضاء پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے یوم شہیداں کی سالانہ عظیم الشان ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نفرت، تشدد، ہجوم کے ہاتھوں مارپیٹ اور طالبان جیسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہم ہندوازم سے متعلق ان (زعفرانی جماعتوں) کے نظریہ پر یقین نہیں رکھتے۔ اس وقت ملک پر حکمرانی کرنے والوں کے ہاتھ خون آلود ہیں۔ ممتا بنرجی نے جو شعلہ بیان مقرر بھی ہیں، کہا کہ ہر دن لوگوں کو ہجوم کے ہاتھوں مارپیٹ میں ہلاک کیا جارہا ہے۔ آج بھی ایک شخص کو مارپیٹ میں ہلاک کردیا گیا۔ انہوں (بی جے پی) نے مذہبی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ریاستوں کو لیکچر دینے سے قبل انہیں چاہئے کہ ہجوم کے ہاتھوں افراد کی ہلاکتوں کے مجرمین کو سزائیں دیں اور خود اپنے (بی جے پی) قائدین کو ٹھیک رہنے کی تلقین کریں‘‘۔ ممتا بنرجی نے جارحانہ تیور اختیار کرتے ہوئے ’’بی جے پی ہٹاؤ۔ دیش بچاؤ‘‘ کا نعرہ دیا اور دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی ریاست میں تمام 42 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی اور بی جے پی ارکان کی تعداد محض 150 تک محدود ہوجائے گی۔ بی جے پی پر ہندو مذہب کی توہین کرنے کا الزام عاید کرتے ہوئے آج وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کی سالانہ ”شہید دیوس’ ‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی پالیسی اب کامیاب نہیں ہونے والی ہے اور 2019میں بی جے پی کا صفایا ہونے والا ہے اور ملک کی بیشتر ریاستوں سے بی جے پی کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ساتھ ہی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ 2019کے لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس ریاست کی تمام 42 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔کلکتہ شہر کے دھرم تلہ علاقے میں لاکھوں افراد کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 15اگست سے ملک بھر میں بی جے پی کے خلاف مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”بی جے پی کو ہٹاؤ دیش کو بچاؤ” مہم ریاست کے تمام گاؤں سے چلایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جارحانہ انداز میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بنگال میں روپے تقسیم کرکے اپنے پاؤں جمانے کی کوشش کررہی ہے مگر چند ہزار افراد کو روپے دے کر خریدا جاسکتا ہے مگر لاکھوں افراد کو روپے کے ذریعہ نہیں خریدا جاسکتا ہے ۔وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ 16جولائی کو جہاں مغربی مدنی پور میں کالج گراؤنڈ میں وزیرا عظم کی ریلی کے دوران پنڈال گرنے سے 90افراد زخمی ہوگئے تھے اسی میدان میں ترنمول کانگریس 28جولائی کو ریلی کا انعقاد کرے گی۔