حیدرآباد۔3اپریل( سیاست ڈاٹ کام ) ملک اور ریاست میں کئی ایسے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو کہ معاشی مسائل کی وجہ سے اپنی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر منوانے میں کامیاب نہیں ہوپارہے ہیں ۔ ایسے ہی کھلاڑیوں میں ایک نام شاہین بیگم ہے جنہوں نے سینئر اور جونیئر سطح پر 12سے زیادہ قومی بیس بال ٹورنمنٹس میں اپنی صلاحیتوں کو منوالیا ہے۔ ریلوے ڈگری کالج دومل گوڑہ کے کالج آف فزیکل ایجوکیشن کی طالبہ شاہین بیگم کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیس بال جو کہ یہاں اتنا مقبول عام کھیل نہیں لیکن اس کے باوجود اس شعبہ میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے اور اب وہ بین الاقوامی امپائر کی خدمات انجام دینا چاہتی ہیں لیکن اس کیلئے انہیں چند امتحانات اور کیمپس میں شرکت کرنی ہوگی ۔ جیسا کہ 17تا 21اپریل ہانگ کانگ میں منعقدہ امپائرس اینڈ ٹکنیکل کمشنرس کلینک میں وہ شرکت کی خواہاں تھی‘ تاہم اس بین الاقوامی سفر کیلئے انہیں 60ہزارروپئے کے اخراجات برداشت کرنے تھے جو ان کیلئے ناممکن ہوگیا ۔
شاہین پُراعتماد ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منواسکتی ہیں لیکن اس کیلئے انہیں بیس بال دنیا میں کلینکل کیمپ سے گذرنا ہوگا ۔ تارناکہ سے تعلق رکھنے والی اس طالبہ نے کئی بین الاقوامی مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے جس میں چند برس قبل جاپان میں منعقدہ ٹورنمنٹ بھی قابل ذکر ہے ۔ دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ اگر شاہین ہانگ کانگ کا سفر کرتی تو وہ حیدرآباد سے یہ سفر کرنے والی پہلی کھلاڑی ثابت ہوتی ۔13سال کی عمر میں بیس بال کو منتخب کرنے کے ضمن میں شاہین کا کہنا ہے کہ اس کھیل کے لئے زیادہ ٹریننگ اور زیادہ مراحل کی تکمیل کی ضرورت نہیں پڑتی جیسا کہ دوسرے کھیلوں میں ہوتا ہے ۔ بہترین پچرس کی حامل شاہین ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے سابق ملازم کے گھر پیدا ہوئی ہیں ‘ان کے تین بہنیں اور دو بھائی ہیں ۔ جب کہ شاہین بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوانا چاہتی ہیں جس کیلئے اہیں اسپانسرس کی ضرورت ہے ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی اس باصلاحیت کھلاڑی کی جو افراد یا تنظیمیں مالی تعاون کرتے ہوئے انہیں اسپورٹس میں آگے آنے کا موقع فراہم کرناچاہتے ہیں وہ شاہین سے 9550917852 ‘ 9701372610 کے علاوہ ان کے اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد اکاؤنٹر نمبر 62219382990لالہ گوڑہ برانچ کا بھی استعمال کرسکتے ہیں ۔