بیسٹمینوں سے ناراض مصباح کا بہتر مظاہرہ کا مطالبہ

مانچسٹر ۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں شکست کے بعد بیٹسمینوں کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بہتر کارکردگی کا مطالبہ کیا ہے۔ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میچ میں انگلینڈ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے ہر شعبے میں پاکستان کو بے بس کیا اور میچ میں 330 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ مصباح نے کہا کہ بیٹنگ کی وجہ سے بہت مایوسی ہوئی، ایک اچھی وکٹ پر 198 اور 234 رنز بنا کر ہم میچ نہیں جیت سکتے۔ مہمان ٹیم کے کپتان نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کی کارکردگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ یاسر بہت بڑا فرق تھے، لیکن وہ ایک مضبوط کرکٹر ہیں اور اگلے ٹسٹ میچ سے قبل جانچنے کی کوشش کریں گے کہ غلطی کہاں ہوئی۔ پاکستان کیلئے ایک اور بڑا مسئلہ اوپنرز محمد حفیظ اور شان مسعود کی کارکردگی ہے۔1996 کے بعد سے کوئی بھی پاکستانی اوپننگ جوڑی انگلینڈ کیخلاف اس کے ملک میں نصف سنچری شراکت قائم نہیں کرسکی اور اس جوڑی کی جانب سے سب سے بڑی 38 رنز کی شراکت لارڈز ٹسٹ کی پہلی اننگز میں قائم کی گئی تھی۔ اب تک ٹاپ آرڈر کے تمام بیٹسمین ٹسٹ سیریز میں ایک بھی نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے، مجموعی طور پر 16 اننگز میں محمد حفیظ، شان مسعود، اظہر علی اور یونس خان نے 299 رنز صرف 18 رنز کی اوسط سے بنائے ہیں۔ پاکستان کے پاس محمد رضوان، سمیع اسلم اور افتخار احمد کی شکل میں اسکواڈ میں مزید بیٹسمینس موجود ہیں اور انہیں موقع دیئے جانے کا امکان ہے ۔