بیرکور منڈل پریشد دفتر کے روبرو معمرین کا دھرنا

بانسواڑہ /30 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ بانسواڑہ بیرکور منڈل پریشد دفتر کے روبرو ضعیف العمر افراد نے احتجاج کیا۔ تفصیلات کے بموجب تلنگانہ حکومت کی جانب سے جامع گھریلو سروے کے کاموں کی عدم تکمیل کے باعث وظائف میں رکاوٹ پیدا ہونے کے سبب بیوہ اور ضعیف العمر مرد و خواتین نے بیرکور منڈل پریشد دفتر پر احتجاج کیا۔ اس دوران احتجاجیوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کانگریس کی جانب سے 200 روپئے وظیفہ حاصل ہوتا تھا، لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اپنے انتخابی جلسوں میں ایک ہزار تا پندرہ سو روپئے دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی، لیکن اب تک اپنے وعدہ کو پورا نہیں کیا۔ اس موقع پر بیوہ خواتین اور ضعیف العمر افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدوں کو فوراً پورا کرے۔ اس موقع پر ایم پی ڈی او ملک ارجن ریڈی کو یادداشت پیش کی گئی۔ اس موقع پر سیاسی قائدین کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔