بیرون ممالک کے سگریٹ فروخت کرنے والے تاجرین گرفتار

حیدرآباد ۔ /28 فبروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے بیرونی ممالک کے سگریٹس فروخت کرنے کے الزامات میں دو تاجروں کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ نتن رنکا اور 34 سالہ وپل رنکا جو دونوں بھائی ہے فیل خانہ علاقہ میں ڈی راجیش اینڈ کمپنی کے نام پر دوکان چلارہے تھے اور کسٹم ڈیوٹی اور جی ایس ٹی ٹیکس سے بچنے کیلئے پیرس سگریٹ حاصل کرتے ہوئے انہیں غیرقانونی طور پر فروخت کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ تاجر دہلی ، اترپردیش اور کولکتہ سے بذریعہ ٹرین سگریٹس کے بھاری لوڈ حاصل کرتے ہوئے انہیں شہر میں فروخت کررہے تھے ۔ غیرقانونی کاروبار سے حکومت کے خزانے کو بھاری نقصان ہورہا تھا ۔ پولیس نے مزید کہا کہ پیرس سگریٹس پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں تیار کئے جاتے ہیں اور انہیں غیرقانونی طور پر مغربی بنگال سے ہندوستان لایا جاتا ہے اور بعد ازاں یہاں کے تاجر پیشہ افراد ان سگریٹس کو کم دام میں حاصل کرتے ہوئے دوگنی قیمت میں فروخت کررہے تھے ۔ گرفتار تاجرین کے قبضے سے ٹاسک فورس نے 6 لاکھ 48 ہزار مالیتی سگریٹس ضبط کرلئے ۔