بیرون ممالک فتوحات کا وقت آگیا : گواسکر

کوچ کمبلے اور کارگذار کپتان رہانے کی ستائش
دھرم شالہ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے آج کہا کہ ’’گھریلو سرزمین پر شاندار مظاہرے کرنے کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم بیرونی ممالک اور وہاں کے حالات میں نتائج حاصل کرے۔ ہندوستان نے آج 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 2-1 سے شکست دی ہے اور گواسکر نے اب کہا کہ ہندوستانی ٹیم کا اگلا مقصد بیرون ممالک بہتر نتائج فراہم کرنا ہے جو یقیناً مختلف قسم کا اطمینان ہوگا۔ گواسکر نے مزید کہا کہ بیرون ممالک فتوحات حاصل کرنا ہمیشہ ہی ہمارا مقصد رہا ہے اور بحیثیت کھلاڑی یہ ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مقامی حالات سے بخوبی واقف رہتے ہیں اور گھریلو سیریزوں میں بہترین مظاہرے کررہے ہیں جو کہ ایک بہترین چیز ہے جس کی اُمید بھی کی جاتی ہے لیکن بیرون ممالک فتوحات سے حاصل ہونے والا اطمینان مختلف نوعیت کا ہوگا اور یہی اصل اطمینان ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم نے آج آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کے لئے مطلوبہ نشانہ 106 رنز چوتھے ہی دن بہ آسانی حاصل کرلیا جس کی وجہ سے اسے بارڈر ۔ گواسکر ٹرافی پر قبضہ بھی حاصل ہوگیا ہے۔ گواسکر نے اس موقع پر کہا کہ اس وقت ہندوستانی ٹیم صحیح سمت گامزن ہے جس کے ذریعہ بیرون ممالک مثبت نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اس موقع پر گواسکر نے ٹیم کے کوچ انیل کمبلے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انیل کمبلے نہ صرف تجربہ کار ہیں بلکہ وہ ایک جارحانہ بولر بھی رہے ہیں جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کے موجودہ بولروں کی بولنگ میں جارحیت دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے اومیش یادو کی سمت اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دیکھئے اومیش یادو کا یہ سیزن کتنا شاندار رہا اور فاسٹ بولر 13 مقابلوں میں 12 مرتبہ نہ صرف ٹیم کی نمائندگی کی بلکہ تین سیریزوں میں ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ گواسکر نے کارگزار کپتان اجنکیا رہانے کی قیادت کی بھی دل کھول کر ستائش کی اور کہا کہ مستقل کپتان ویراٹ کوہلی کے زخمی ہوکر فیصلہ کن ٹسٹ میں دستیاب نہ ہونے کے باوجود رہانے نے جس انداز میں حالات کا سامنا کیا۔ وہ کافی شاندار ہے کیونکہ مقابلہ کے ابتدائی آسٹریلیائی ٹیم 140/1 کے ذریعہ مستحکم موقف میں پہنچ چکی تھی جس کے بعد رہانے نے جس طرح بولنگ میں تبدیلیاں کیں، وہ ایک تیز اور ذہین کپتان کی نشانی ہے۔