نئی دہلی ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر فاسٹ بولر ظہیرخان نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم بیرون ممالک کھیلی جانے والی سیریزوں میں اس وقت تک اپنی چھاپ نہیں چھوڑ سکتی جب تک کہ ٹیم کے بیٹسمین بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر زیادہ سے زیادہ رنز درج کریں۔ بیرون ممالک ہندوستانی ٹیم کے انتہائی ناقص مظاہروں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جیسا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیم کو 1-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ کرکٹ کے ویب سائیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں ظہیرخان نے کہا کہ وہ ہمیشہ سمجھتے رہے ہیں کہ پہلی اننگز میں 350 رنز اسکور کرنے پر ٹیم کو ہمیشہ ہی مقابلہ میں باقی رہنے کا موقع رہتا ہے اور اگر ٹیم پہلی اننگز میں 350 رنز اسکور نہیں کرپاتی ہے تو پھر اسے مقابلہ میں جدوجہد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ظہیرخان کے بموجب ہندوستانی ٹیم نے ماضی میں جو بیرون ممالک منعقدہ سیریزوں میں بہتر مظاہرے کئے ہیں، اس کی اہم وجہ پہلی اننگز میں بہتر اسکور بنانا ہے جس کے بعد ہمیں کبھی مقابلہ میں جدوجہد نہیں کرنا پڑا۔ ظہیرخان نے ان امکانات کو مسترد کردیا ہے کہ وہ چمپیئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔ تاہم وہ صحتیابی کیلئے صحیح سمت گامزن ہے۔ واضح رہے کہ چمپیئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ 13 ستمبر تا 4 اکٹوبر ہندوستان کے مختلف مراکز پر کھیلی جائے گی جس میں ظہیرخان کی واپسی کی امید کی جارہی تھی۔