بیرون ممالک روزگار کا جھانسہ ، دو گرفتار

حیدرآباد ۔ /22 ستمبر (سیاست نیوز) بیروزگار نوجوانوں کو بیرون ممالک بھیجنے کا جھانسہ دیتے ہوئے لاکھوں روپئے ہڑپنے والے دو دھوکے بازوں کو چادرگھاٹ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سلطان بازار ڈیویژن مسٹر آر گریدھر نے بتایا کہ سرینگر کالونی مادنا پیٹ سے تعلق رکھنے والے محمد عبدالغفور اور اس کا بھانجہ سید مکرم نے ممبئی سے تعلق رکھنے والے شیخ شکیل نامی شخص کی مدد سے شہر سے تعلق رکھنے والے 29 نوجوانوں سے ملیشیاء اور سعودی عرب کے جاب ویزا فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے ۔ اس سلسلے میں محمد سہیل احمد نے چادر گھاٹ پولیس سے مذکورہ افراد کی جانب سے دھوکے دینے کی شکایت درج کرائی ۔ جس کے نتیجہ میں پولیس نے ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ مسٹر گریدھر نے بتایا کہ بعض افراد کو غفور اور مکرم نے جعلی جاب ویزا بھی فراہم کئے ۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے کمپیوٹر ، 19 پاسپورٹ ، دو موبائیل فون اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔ گرفتار افراد کو آج عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔ پولیس کو شکیل شیخ کی تلاش ہے ۔