بیرونی عازمین کے حج کوٹہ میں رواں سال بھی 20 فیصد تخفیف

جدہ ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے اعلان کیا ہیکہ رواں سال حج کے دوران بیرونی عازمین کے کوٹہ میں 20 فیصد اور مقامی عازمین کے کوٹہ میں 50 فیصد کٹوتی کا نفاذ بدستور جاری رہے گا۔ وزیرامورحج بندر حجاج نے کہا کہ ’’مکہ معظمہ اور دیگر مقامات مقدسہ میں جاری توسیعی پراجکٹوں کے پیش نظر بیرونی عازمین کے حج کوٹہ میں 20 فیصد کٹوتی کیلئے (سعودی) حکومت بیرونی ممالک سے اپنی درخواست کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ بندرحجاج نے ترکی کے حج مشن کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ کی ہدایات کے مطابق یہ اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ عازمین حج کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسجد الحرام اور مطاف کی توسیع کیلئے جاری تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے بعد زیادہ سے زیادہ عازمین کی میزبانی کی جاسکے گی۔ مکہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں قومی حج کمیٹی کے چیرمین سعد القریشی نے کہا کہ حج کوٹہ میں کمی کیلئے قبل ازوقت اعلان کرنے حکومت کے فیصلہ سے حج خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ہوٹلوں کو اپنا خسارہ کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ مزید ایک سال تک حج کوٹہ میں تخفیف کا سلسلہ جاری رہے گا‘‘۔ گذشتہ سال ایام حج کے دوران مکہ معظمہ، مدینہ منورہ اور دیگر شہروں میں حج کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہوٹلوں میں روم حاصل کرنے، غذا اور فضائی ٹکٹس کی خریدی اور دیگر مصارف سے نمٹنے کے معاملہ میں تقریباً دو ارب سعودی ریال کا خسارہ ہوا تھا۔

حج خدمات فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے منیجر خالد الکاف نے کہا کہ عازمین حج کے کوٹہ میں تخفیف سے متعلق گذشتہ سال کا فیصلہ ہمارے لئے حیرت انگیز ثابت ہوا۔ دیر سے کئے گئے فیصلہ کے سبب حج انتظامات کیلئے جاری ہماری سرگرمیوں پر اس کا منفی اثر مرتب ہوا۔ بندرالحجاج نے عازمین حج کیلئے الیکٹرانک ٹریک سسٹم کی کامیابی کا تبصرہ کیا اور کہا کہ اس جدید نظام سے عازمین کو سعودی عرب پہنچنے سے پہلے ہی یہاں فراہم کی جانے والی خدمات کا علم ہوسکتا ہے۔