بیرونی جاسوسی اداروں کی سرگرمیوں پر نواز شریف کا اظہارتشویش

اسلام آباد ۔ /30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ملک میں مبینہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں بیرونی انٹلیجنس اداروں کے ملوث ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ان کے یہ ریمارکس ایک ایسے وقت منظر عام پر آئے ہیں جس سے قبل پاکستان کے دیگر کئی سینئر قائدین نے بھی ہندوستانی انٹلیجنس ادارہ ’’راء ‘‘ کو اس ضمن میں مورد الزام ٹھہرایا تھا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے آج وزیر فینانس اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر داخلہ چودھری نثار ، خصوصی مشیران سرتاج عزیز اور طارق فاطمی کے علاوہ سربراہ افواج جنرل راحیل شریف کے ساتھ انٹر سرویسیس انٹلیجنس (آئی ایس آئی) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا ۔ فوج کے ایک ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوا نے ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ آئی ایس آئی سربراہ لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر نے وزیراعظم کو داخلی و خارجی سکیورٹی کے بارے میں تفصیلات سے مطلع کیا ۔ انہیں مختلف دہشت گرد حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ناکام بنانے کیلئے انٹلیجنس کی طرف سے کی گئی کارروائیوں سے واقف کروایا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردوں کو شکست دینے اپنے عہد کا اعادہ کیا ۔ باجوا نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے ہندوستانی سیاسی قیادت کی طرف سے حال ہی میں دیئے گئے ایک بیان پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔