بیرونی افراد براوو اور پولارڈ کے اخراج کے ذمہ دار

داخلی سیاست کے نتیجہ میں بہترین ٹیم منتخب نہیں کی گئی : کوچ سمنس
پورٹ آف اسپین 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے کوچ فل سمنس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بیرونی اثرات کی وجہ سے ڈوین براوو اور کیران پولارڈ کو ونڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا جاسکا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک ماہ کیلئے سری لنکا کا دورہ کریگی جس کا 14 اکٹوبر سے آعاز ہوگا ۔ اس دوران ویسٹ انڈیز کی ٹیم دو ٹسٹ ‘ تین ونڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچس کھیلے گی ۔ سمنس نے 2015 کے ورلڈ کپ کے بعد ویسٹ انڈیز کوچ کی ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر نشین سلیکٹرس کلائیو لائیڈ اور کیپٹن جیسن ہولڈر چاہتے تھے کہ براوو اور پولارڈ کو ونڈے ٹیم میں شامل کیا جاے تاہم کچھ لوگوں نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ان کی شمولیت کو روک دیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے کیمپ کے آخری دن میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سمنس نے کرکٹ میں بیرونی مداخلت پر تنقید کی اور کہا کہ اس طرح کی سیاست کے نتیجہ میں ویسٹ انڈیز کی بہترین ٹیم منتخب نہیں کی جاسکی ۔ انہوں نے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ اس طرح کی سیاست کیلئے کون ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ انہیں بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کا موقع نہیں ملا ہے ۔ اس سلسلہ میں سلیکشن کمیٹی کے صدر نشین اور کپتان کی رائے بھی ایک تھی لیکن اس کو بھی خاطر میں نہیں لایا گیا ۔ دونوں اہم کھلاڑیوں کو ٹیم سے دور رکھنے کیلئے بیرونی افراد نے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کیا ہے ۔