بیروزگاروں کو قرضہ جات کی فراہمی کی ہدایت

محبوب نگر میں بینکرس کے جائزہ اجلاس سے ریاستی وزیر کرشنا راؤ کا خطاب
محبوب نگر۔/3اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کسانوں اور بیروزگاروں کو بروقت قرضہ جات کی فراہمی کی ہدایت ریاستی وزیربڑی صنعتیں جوپلی کرشنا راؤ نے بینکرس کو دی۔ ریونیو میٹنگ ہال میں بینکرس کے جائزہ اجلاس سے وہ بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ آئندہ خریف سیزن کے پیش نظر لفٹ اریگیشن اور پالی ہاوز کو قرضہ جات کی فراہمی کیلئے منصوبہ کے ساتھ کیا جائے۔ جائزہ اجلاس کی صدارت ضلع کلکٹر سری دیوی نے کی۔ بینکرس نے واقف کروایا کہ ہم کسانوں کو قرض دینے تیار ہیں لیکن کسان رجوع نہیں ہورہے ہیں۔ ریاستی وزیر نے تعجب کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ قرض دینے تیار ہیں تو کسان کیوں نہیں آتے؟ انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سنٹرل بینک کسانوں کو قرض کی فراہمی میں کافی پیچھے ہے جبکہ گرامینا وکاس بینک 70 فیصد قرض دے کر خاموش ہے۔ اجلاس سے مقامی ایم ایل اے سرینواس گوڑ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بینکرس کو حکومت نے جتنے یونٹس مقرر کئے ہیں انہیں صد فیصد پورا کرنا ہوگا۔ کلواکرتی کے ایم ایل اے ومشی چندرریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سبسیڈی کی رقم 80فیصد سے گھٹا کر 40فیصد کریں اور استفادہ کنندگان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ ایم ایل سی کے نارائن ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سبسیڈی قرضہ جات صرف مستحقین تک پہنچانے کے انتظامات کئے جائیں۔ کے دامودھر ریڈی ایم ایل سی نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی کیلئے استفادہ کنندگان کے انتخاب کیلئے طریقہ کار مدون کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی، ضلع پریشد چیرمین بنڈاری، بھاسکر، آر بی آئی کے اے جی ایم بالا سبرامنیم، نبارڈ کے اے جی ایم امیت بھاگو، ایل ڈی ایم پارتا سارتھی۔ ایم پی ڈی اوز کے علاوہ بینکرس اور کوآرڈینیٹرس موجود تھے۔