بیدر کے موضع گونلی میں ہیضہ کی وباء

بیدر۔/17ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ریاستی وزیر اور جنتا دل ( ایس ) کے ریاستی کارگذار صدر مسٹر بنڈپا قاسم پور نے 16ستمبر کو بیدر تعلقہ کے موضع گونلی کا دورہ کیااور وہاں گیسٹرا ( ہیضہ ) سے متاثرہ عوام سے ملاقات کی۔ ہیضہ سے دو افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ان کے گھر جاکر متعلقین کو پرسہ دیا اور مطالبہ کیا کہ ہر ایک کے ورثاء میں 5لاکھ روپئے امداد فراہم کی جائے۔ بنڈپا قاسم پور نے بتایا کہ پینے کے پانی کی سربراہی ، پائپ لائن کے ٹوٹ جانے سے مکانات میں نلوں کے ذریعہ گندہ پانی آرہا ہے جس کے استعمال سے موضع میں ہیضہ پھیل گیا ہے۔ ہیضہ سے متاثرہ کئی لوگ علاج کیلئے بیدر کے سرکاری دواخانہ میں شریک ہوئے ہیں۔ بنڈپا قاسم پور نے فی الفور پینے کے پانی کے پائپ لائن کو درست کرنے اور پاک و صاف پانی سربراہ کرنے کیلئے اقدامات کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بنڈپا قاسم پور نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کے گھروں کو جاکر معائنہ کیا۔ موضع گونلی سے راست بیدر کے گورنمنٹ اسپتال آکر انہوں نے یہاں زیر علاج 30تا25مریضوں سے بات چیت کی اور بہتر علاج کیلئے ڈاکٹرس کو ہدایت دی۔ بنڈپا قاسم پور نے بتایا کہ ہیضہ سے متاثرہ افراد کے علاج کے اخراجات حکومت کی جانب سے ہی ادا کئے جائیں اور آنے والے دنوں میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو اس کیلئے احتیاطی اقدامات کرنے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس موقع پر جنتا دل ( ایس ) کے لیڈرس اور ورکرس کی کثیر تعداد موجود تھی۔