بیدر:30مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مولانا نذیر احمد شکیل ، مولانا مفتی عابد قاسمی ، حافظ ایم اے کلیم اور ڈاکٹر عبدالوحیدبہار نے ڈپٹی کمشنر بیدر کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند دہلی کو ایک دستخطی مکتوب روانہ کرتے ہوئے مولانا عبدالقوی کی گرفتاری کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انھیں رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔ مکتوب کے بموجب مولانا عبدالقوی کو دہلی ایر پورٹ پر اے ٹی ایس گجرات دہلی اسپیشل پولیس کے ہمراہ گرفتار کرکے گجرات لے گئی ہے۔ ہم جمیع علماء بیدر عوام وخواص آپ کے علم میں یہ بات لاتے ہیں کہ مولانا عبدالقوی ایک خالصتا مذہبی شخصیت ہیں ۔ بلالحاظ مذہب وملت لوگوں کو صحیح راستہ دکھلاتے ہوئے ان کو زیورتعلیم سے آراستہ کررہے ہیں ۔ مکتوب کی تحریر کے مطابق پولیس نے قانون کوبالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے اختیارات بے جا استعمال کرتے ہوئے مولانا کو گرفتار کرکے مسلمان ہند کو بے چین کرچکی ہے۔ ہم تمام آپ سے گذارش کرتے ہیں کہ مولانا عبدالقوی کو غیر مشروط طورپر رہا کرنے کے احکامات گجرات حکومت کو دے کر ہندوستانی قانون کاسر بلندکریں اور مسلمانان ہند کی بے چینی کو دور کرتے ہوئے تمام ریاستوں کے وزیراعلیٰ کو احکامات جاری فرمادیں کہ ہندوستان کی دینی درسگاہیں علمائے کرام ، مفتیان ، مشائخین عظام ، اکابرین امت کو تحفظ دیتے ہوئے ان کے اشاعت دین کے کام میں روڑے نہ اٹکائیں اور آئندہ کے لئے ان کے خلاف کوئی ساز ش نہ رچیں ۔