بیدر۔/11اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مولانا محمد تصدق ندوی جنرل سکریٹری جمعیت العلماء ہند ضلع بیدر کے بموجب عید قرباں کے پرمسرت موقع پر جمعیتہ علماء ہند ضلع بیدر کی جانب سے شہر کی سلم بستیوں میں میلور، دھمسا پور، معراج کالونی، ابوالفیض وغیرہ میں چار کلو پاکٹ بناکر تقریباً 300 مستحق خاندانوں میں صدر مولانا مفتی غلام یزدانی کی زیر نگرانی حافظ عمر اشاعتی، شیخ عرفان، عبدالرحمن و دیگر نوجوانوں نے مستحقین تک پہنچ کر قربانی کا گوشت تقسیم کیا۔ گوشت لینے والوں کے دل سے دعائیں نکلیں اور ان کے تاثرات تھے کہ عرصہ دراز سے ہم یہاں بستے ہیں لیکن آج تک کسی نے ہمارا خیال نہیں کیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم عید کے موقع پر قربانی کے گوشت سے استفادہ کررہے ہیں۔ واضح ہو کہ عید قرباں کے موقع پر مقامی جمعیت کی جانب سے اجتماعی قربانی کا نظم کیا گیا اور صرف ایسے حصوں کی بکنگ عمل میں لائی گئی تھی جو غرباء و مستحقین میں گوشت وقف کرنے کے خواہاں ہوں۔ الحمد جمعیت کی اپیل پر بہت سارے احباب نے قربانی کے حصہ کروائے اور یہی گوشت مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔ جمعیت علماء ہند ضلع بیدر کے ذمہ داروں نے اس کار خیر میں حصہ لینے والے احباب سے تہہ دل سے اظہار تشکر کیا ہے۔