جمعرات , دسمبر 12 2024

بیدر کے دیہی علاقوں میں قلت آب کا مسئلہ سنگین

سرکاری ملازمین بھون میں جائزہ اجلاس، مسائل حل کرنے عہدیداروں کو ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایچ آر مہادیو کی ہدایت

بیدر۔ 15؍ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع بیدر میں قحط سالی کے سبب پیش آنے والے مسائل کو لے کر تحصیلدار، محکمہ مال کے جائزہ کار، دیہی تلاٹی، پی ڈی او ، زرعی اسسٹنٹس، اسکول کے صدرمعلم، آنگن واڑی ورکرس کیاکچھ کر رہے ہیں اس تعلق سے بحث کیلئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایچ آرمہادیو نے کل 14؍ڈسمبر کو بیدر کے سرکاری ملازمین بھون میں اجلاس طلب کرکے پینے کاپانی اور دیگر مسائل پر بات چیت کی ۔ دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کا مسئلہ پیدا ہواہے جس کاحل نکالناہوگا۔ جس کیلئے دیہات کے افسران اور اسکول کے صدرمعلمین سے مشاورت ہورہی ہے اور ہوتی رہے گی ۔ دومہینوں سے جنواڑہ اسکول کے طلبہ کو پینے کاپانی میسر نہیں ہے، وہاں کے صدر معلم نے بتایا۔ خواجہ پور میں بورویل کھدائی کی گئی لیکن پانی نہیں آیا۔ تین ماہ سے اسکول کے طلبہ اور عوام پانی سے محروم ہیں، وہاں کے معلم نے بتایا۔ کولار (کے) دیہات میں پینے کے پانی کامسئلہ ہے۔ یہ بات وہاں کے معلم نے بتائی۔ اس موقع پر کولار (کے) کے پی ڈی او نے بتایاکہ قاعدے کے مطابق رقم دے کر خانگی بورویلس سے پانی لیاجاسکتاہے۔ جس کیلئے حکمنامہ کی ضرورت ہے تب ہی عوام کو پانی مل سکتاہے۔ گذشتہ سال بھی یہی طریقہ اختیار کیاگیاتھا۔ ایک شکایت یہ آئی کہ میں نے اس ضمن میں کئی ایک دفعہ پی ڈی او سے شکایت بھی کی کہ پانی سربراہ نہیں ہورہاہے۔ ایک اور بات سامنے آئی کہ قحط سالی سے کئی دیہات جوجھ رہے ہیں کئی ایک دیہاتوں کے پی ڈی اوراورواٹر سپلائی کرنے والوں میں تال میل نہ ہونے سے مسائل کھڑے ہوئے ہیں۔ اندور کے پی ڈی او نے بتایا کہ پینے کے پانی کامسئلہ اندور دیہات میں بھی ہے۔ پینے کے پانی توچھوڑئیے بیت الخلاء کو لے جانے کیلئے بھی پانی نہیں ہے۔ ریکڑگی دیہات میں واقع اسکول کے طلبہ کے لئے بھی پینے کاپانی نہیں ہے۔ وہاں آنے والے زائرین کے بھی پانی نہیں ہے جس سے وہ تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔یہ بات صدرمعلم نے کہی۔ مقام پر ہی ایک اپیل لکھ کر دی گئی تو پی ڈی او نے کہاکہ میں کل ہی اس دیہات کادورہ کروں گا۔ نریگا کے تحت کام دینے کاوعدہ پور انہیں ہورہاہے جس سے دیہات کے افراد مطمئن نہیں ہیں۔ یہ بات کمٹھانہ کے پی ڈی او نے بتائی اور کہاکہ یہاں کی باولیاں، بورویل سوکھے پڑی ہیں جس سے مسائل کھڑے ہورہے ہیں۔ پی ڈی او نے سی ای او سے اپیل کی کہ ہمارے گاؤں میں پانی نہ ہونے سے مسائل کھڑے ہورہے ہیں ۔آپ بورویل کھدائی کی اجازت مرحمت فرمائیں۔ آنند نگر محلہ میں 500سے زائد افراد بستے ہیں۔ یہاں بنیادی سہولتوں کافقدان ہے۔ اسلئے یہاں کے مسائل حل کرنے وہاں کے رہائشی نے اپیل کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ اتنے سارے دیہاتوں میں مسائل ہیں ان مسائل کو جاننے ہی کیلئے اجلاس طلب کیاگیاتھا۔ ہم تمام کو ان تمام مسائل کو حل کرنے اٹھ کھڑے ہونا ہے۔ اجلاس میں ضلع پنچایت بید رکے سی ای او مہانتیش بیڑگی اور دیگرموجودتھے۔

TOPPOPULARRECENT